وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بدھ کو ایوان وزیراعظم اسلام آبادمیں پارلیمانی رہنماؤں کو اقتصادی راہداری کے حوالے سے بریفنگ کے لیے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی طاقتیں جو پاک چین قریبی تعلقات اور اقتصادی راہداری منصوبہ پر عمل درآمد نہیں چاہتیں وہ اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، یہ منصوبہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ یہ پورے خطے کے لیے سودمند ہو گا، پوری قوم کو اقتصادی راہداری منصوبے کے بارے میں نفرت پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہونا چاہیے، اقتصادی راہداری کا مقصد پورے خطے کی معاشی ترقی ہے اور اس سے تجارت کو فروغ اور رابطوں کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
جب سے اقتصادی راہداری منصوبے کا اعلان ہوا ہے کچھ سیاسی قوتوں نے روٹ کی تبدیلی کے نام پر مخالفانہ بیان بازی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جو قطعی طور پر درست رویہ نہیں۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی یہ کہا کہ اکنامک کوریڈور کا منصوبہ خیبرپختونخوا سے گزرنے کے بجائے ہزارہ سے گزرے گا‘ حیران کن امر ہے کہ کیا ہزارہ خیبرپختونخوا کا حصہ نہیں‘ محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے ایسی بیان بازی درست نہیں۔ اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی کا قومی منصوبہ ہے۔
سیاستدانوں کو قومی سوچ کو اپنانا ہوگا۔ حکومت پہلے بھی یہ یقین دلا چکی ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے اور روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ دیتے ہوئے روٹ میں تبدیلی نہ کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری کا کوئی مخصوص روٹ نہیں بلکہ یہ ملک کے تمام علاقوں تک رسائی کا تصور ہے‘ توانائی کے متعدد منصوبے اقتصادی راہداری کا حصہ ہیں‘ تمام صوبوں میں منصوبے لگیں گے۔ اس وقت ملکی معیشت ایک بحران سے گزر رہی ہے اور حکومت اسے اس بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے، چین کے ساتھ سرمایہ کاری اور اقتصادی راہ داری کا بہت بڑا منصوبہ بھی اسی معاشی ترقی کے پلان کا ایک حصہ ہے۔
اب جب ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا آغاز ہونے لگا ہے اور ترقیاتی منصوبے بنائے جا رہے ہیں تو ایسی صورت میں اقتصادی راہداری کے منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنا ملک اور قوم کو مستقل طور پر معاشی بحران میں مبتلا رکھنے کی کوشش کے سوااسے کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔ روٹ میں تبدیلی کی آڑ میں اقتصادی راہداری منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے بجائے تمام سیاستدان حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ملک کو اقتصادی گرداب سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکے۔
The post اقتصادی راہداری منصوبہ،وزیر اعظم کی پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ appeared first on ایکسپریس اردو.